حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے صوبہ اصفہان میں مرکز رسیدگی بہ امور مساجد کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر حجت الاسلام حجت اللہ سنائی نے "رہبر شہید (رہ) کے نقطۂ نظر سے اسلامی معاشرے، اسلامی حکومت اور اسلامی تہذیب کی تشکیل و ترقی میں مسجد کے کردار و اثرات کو بحال کرنے، ان میں توسیع دینے اور اسلامی انقلاب کے مطلوبہ معیار کی مسجد کے قیام میں ذرائع ابلاغ کا کردار" کے موضوع سے منعقدہ ایک فکری و مشاورتی نشست سے خطاب کیا۔
انہوں نے اسلامی معاشرے میں مسجد کے مقام کی وضاحت کرتے ہوئے دینی تربیت، سماجی روابط کی تشکیل اور معاشرے کے انتظام و انصرام کے لیے مؤثر افراد کی تربیت میں مسجد کے کردار پر روشنی ڈالی۔
حجت الاسلام سنائی نے مزید کہا: مسجد عبادت اور مذہبی تقریبات کے انعقاد کی جگہ ہونے کے ساتھ ساتھ خاندانی روابط کو مضبوط بنانے، سماجی اخلاق کو فروغ دینے، نوجوان نسل کی تربیت اور معاشرے کے مختلف شعبوں میں خدمات انجام دینے کے لیے پابندِ عہد افراد کی تیاری میں بھی اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔

انہوں نے مساجد کی فعالیت کو دینی شناخت اور سماجی ہم آہنگی کے فروغ کے اہم عوامل میں شمار کرتے ہوئے ثقافتی اور سماجی مسائل کے حل میں اس ادارے کی صلاحیتوں پر زیادہ سنجیدگی سے توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
حجت الاسلام سنائی نے مساجد کے مختلف کرداروں کا ذکر کرتے ہوئے کہا: مساجد کی موجودہ صلاحیتوں کی نشاندہی کرنا اور انہیں مزید فعال بنانے کے لیے منصوبہ بندی کرنا ضروری ہے۔
انہوں نے مزید کہا: مساجد کی منصوبہ بندی میں عبادات اور قرآنی سرگرمیوں، تعلیمی و تربیتی پروگراموں، سماجی خدمات، خاندانوں کی معاونت اور محلّے کے مسائل کے حل میں تعاون جیسے شعبوں کو مدنظر رکھا جا سکتا ہے۔ فعال اور غیر فعال مساجد کی نشاندہی، ان کی سرگرمیوں میں حائل رکاوٹوں کا جائزہ اور ہر محلّے کی ضروریات کے مطابق منصوبہ بندی، مسجد کے کردار اور خدمات کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔










آپ کا تبصرہ